وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم عزت مآب جناب کرسٹوفر لکسن نے آج، لاؤ پی ڈی آر کے وینٹیانے میں آسیان-انڈیا چوٹی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔
دونوں وزرائے اعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع اور سکیورٹی، قابل تجدید توانائی، تعلیم، ڈیری، زرعی ٹیکنالوجی، کھیل، سیاحت، خلائی اور عوام کے درمیان تعلقات سمیت متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ متواتر اعلیٰ سطحی رابطوں نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط رفتار دی ہے۔ اس تناظر میں، انہوں نے ہندوستان کے صدر کے حالیہ دورۂ نیوزی لینڈ کو یاد کیا، جو ایک بہت بڑی کامیابی تھی۔
وزیراعظم نے نیوزی لینڈ کے انٹرنیشنل سولر الائنس میں شمولیت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
دونوں وزرائے اعظم نے کثیر جہتی فورموں پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے تئیں اپنے عہد کی تجدید کی اور ہند - نیوزی لینڈ تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے، وزیر اعظم لکسن کو باہمی طور پر موافق تاریخوں پر ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔