نئیدہلی،12جنوری،2021، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے قوم کے نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ سوامی وویکانند کے قائدانہ مشورے پر عمل کریں۔ انھوں نے افراد اور اداروں کو ترقی دینے میں سوامی وویکانند کے کردار کی تعریف کی۔ آج دوسرے نیشنل یوتھ پارلیمنٹ فیسٹیول کی آخری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے افرادی ترقی سے ادارہ جاتی تعمیر اور ادارہ جاتی تعمیر سے افرادی ترقی کے صالح سلسلہ شروع کرنے میں سوامی جی کے کردار کے بارے میں بتایا۔
جناب مودی نے کہا کہ جو افراد سوامی وویکانندکے دائرۂ اثر میں ا ٓتے ہیں اور ادارے تشکیل دیتے ہیں اور یہ ادارے نئے ادارے تعمیر کرنے والے تیار کرتے ہیں۔ اس سے افرادی ترقی سے ادارہ جاتی تعمیر اور ادارہ جاتی تعمیر سے افرادی ترقی کا ایک صالح سلسلہ قائم ہوجاتا ہے۔ یہ بھارت کی ایک بڑی طاقت ہے جیسا کہ وزیر اعظم نے صنعتکاری کی مثال سے وضاحت کی۔ انھوں نے کہا کہ ایک فرد ایک بڑی کمپنی قائم کرتا ہے اور کمپنی کا ایکوسسٹم بہت سے لائق افراد تیار کرتا ہے جو وقت آنے پر نئی کمپنیاں قائم کرتے ہیں۔
انھوں نے نوجوانوں سے یہ بھی کہا کہ وہ حالیہ قومی تعلیمی پالیسی کی فراہم کردہ لچک اور اختراعی علم کے طریقے سے فائدہ اٹھائیں۔ اس پالیسی کا مقصد آرزومندی، ہنرمندی، سمجھ بوجھ اور نوجوانوں کی پسند کو ترجیح دے کر بہتر افراد تیار کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو تعلیم اور صنعتکاری کے بہتر مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ’’ہم ملک میں ایک ایسا ایکوسسٹم تشکیل دینے کوشش کر رہے ہیں جس کی عدم موجودگی نوجوانوں کو اکثربیرونی ملکوں کی طرف دیکھنے پر مجبور کرتی ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ وہ سوامی وویکانند تھے جنھوں نے اعتماد، صاف دلی، بے خوف اور جرأتمند نوجوانوں کو ملک کی بنیاد کے طور پر پہچانا۔ جناب مودی نے نوجوانوں کے لیے سوامی وویکانند کے منتر پیش کیے۔ انھوں نے کہا جسمانی پھرتی کے لیے ’لوہے کی رگیں اور فولاد کی نسیں‘ ہونی چاہئیں۔ حکومت فٹ انڈیا تحریک، یوگا کو فروغ دے رہی ہے اور کھیل کود کے لیے جدید سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ پرسنالٹی کو فروغ دینے کے لیے ان کا مشورہ تھا کہ ’اپنے آپ پر یقین رکھیے‘، قیادت اور ٹیم ورک کے لیے سوامی جی کہا کرتے تھے ’’سب میں یقین رکھیے‘‘۔