سیاسی تشدد پر سوال کے جواب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے سختی کے ساتھ اس طرح کے کاموں کی مزمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ، ’’سرکار کسی بھی قسم کا تشدد برداشت نہیں کرے گی خواہ وہ کوئی بھی پارٹی ہو۔ ہم ہر ایک کو انصاف دلانے کے لئے عہد بستہ ہیں۔‘‘
متعدد ریاستوں میں سیاسی تشدد پر بولتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’’بی جے پی کو زبردست نقصانات برداش کرنے پڑے ہیں۔ مغربی بنگال میں بھی بی جے پی کو جمہوری حقوق ادا کرنے کی بھی آزادی نہیں ہے۔ انتخابات کے دوران ہمارے کارکن جس طرح قتل کیے جاتے ہیں وہ جمہوریت کے لئے بہتر نہیں ہے۔ کیرل میں ہمارے کارکن دن رات مارے جا رہے ہیں۔ کرناٹک میں، ہمارے اتنے کارکن مارے جا چکے ہیں جسے ہم سمجھنے سے قاصر ہیں۔ ہمارے کارکن تامل ناڈو میں مارے جا رہے ہیں، جموں و کشمیر میں مارے جا رہے ہیں اور آسام میں بھی مارے جا رہے ہیں۔ ‘‘
انہوں نے کہا کہ سوال یہ نہیں کہ بی جے پی کے ورکر مارے گئے یا نہیں مارے گئے، بلکہ سیاسی تشدد ہماری جمہوریت کے لئے بہتر نہیں ہے اور سبھی سیاسی پارٹیوں کو اس پر غور کرنا چاہئے۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’سیاسی پارٹیوں کو اپنے ورکروں کو اس بات کی تربیت دینی چاہئے کہ جمہوریت میں کس طرح کا برتاؤ کیا جانا چاہئے۔‘‘