نئی دہلی، 8 فروری 2019/وزیراعظم جناب نریندر مودی کل گوہاٹی ، ایٹانگر اور اگرتلہ کا دورہ کریں گے۔ وہ ایٹا نگر میں گرین فیلڈ ہوائی اڈہ ، سیلا سرنگ اور شمال مشرقی گیس گرڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ ڈی ڈی ارون پربھا چینل اور گارجی بلیونیا ریلوے لائن کا افتتاح کریں گے۔ وہ ان تینوں ریاستوں میں متعدد دوسرے ترقیاتی پروجیکٹوں کی نقاب کشائی بھی کریں گے۔
وزیراعظم اروناچل پردیش میں
وزیراعظم کل صبح کے وقت گوہاٹی پہنچیں گے وہ ایٹا نگر کے آئی جی پارک میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی نقاب کشائی کریں گے۔
وزیراعظم ہولنگی میں گرین فیلڈ ہوائی اڈہ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس وقت ایٹانگر سے قریب ترین ہوائی اڈہ آسام میں لیلی باڑی کا ہے، جس کا فاصلہ 80 کلو میٹر ہے۔ ہولنگی ہوائی اڈہ کی تعمیر سے اس فاصلے میں ایک چوتھائی کی کمی آجائے گی۔ علاقے کو بہتر کنیکٹی ویٹی فراہم کرنے کے علاوہ یہ ہوائی اڈہ ریاست کے لئے سیاحت کے امکانات میں اضافہ کرے گا۔ اس ہوائی اڈ ہ سے علاقہ کی اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا اور یہ قوم کے لئے اسٹریٹیجک اعتبار سے اہم ثابت ہوگا۔ ہوائی اڈہ میں مختلف دیرپا فیچر ہوں گے ۔ مثال کے طور پر اپروچ سڑک کے ساتھ ساتھ گرین بیلٹ جو شوروغل کو روکنے کا سبب ہوگی ، بارش کے پانی کے جمع کرنے کا نظام اور ایسے سازوسامان کا استعمال جس میں کم توانائی کی ضرورت پڑتی ہے۔
وزیراعظم اروناچل پردیش میں سیلا سرنگ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس سے توانگ وادی تک ہر موسم میں شہریوں اور فوجیوں کے لئے بھی کنیکٹی ویٹی فراہم ہوگی۔ اس سرنگ کے قیام سے تمام تک سفر میں ایک گھنٹے کی کمی ہوجائے گی اور علاقے میں سیاحت نیز اس سے متعلق اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔
وزیراعظم کے ہاتھوں ایٹا نگر کے آئی جی پارک میں اروناچل پردیش کے لئے ایک نئے ڈی ڈی چینل -ڈی ڈی ارون پربھا کا آغاز بھی ہوگا۔ یہ چینل دوردرشن کی طرف سے چلائے جانے والے چوبیس گھنٹے کا چینل ہوگا۔ وزیراعظم اروناچل پردیش میں 110 میگاواٹ کے پارہ ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹ کو قوم کے نام وقف بھی کریں گے۔ یہ پروجیکٹ این ای ای پی سی او کی طرف سے تعمیر کیا گیا ہے اور اس سے دریائے ڈکرونگ (جو برہم پتر کی ایک معاون ندی ہے) کی پن بجلی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور شمال مشرق کی ریاستوں کو سستی پن بجلی فراہم کی جاسکے گی جس سے علاقے میں بجلی کی فراہمی کی حالت بہتر ہوجائے گی۔
وزیراعظم اس موقع پر اروناچل پردیش میں جوٹے کے مقام پر فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کے ایک مستقل کیمپس کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اس سے فلم سے متعلق طلبا کو خاص طور پر شمال مشرقی ریاستوں کے طلبا کو فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم اروناچل پردیش میں تیزو ہوائی اڈہ کا افتتاح کریں گے جس کا درجہ بڑھایا گیا ہے۔ اس ہوائی اڈہ کی تزئین کی گئی ہے اور اڑان اسکیم کے تحت تجارتی پروازوں کے لئے اسے موزوں بنانے کے لئے ایک نیا ٹرمنل تعمیر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم اروناچل پردیش میں پانچ صحت اور ویلنیس مرکزوں کا افتتاح کریں گے۔سبھی کے لئے صحت خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی غرض سے صحت اور ویلنیس مراکز آیوشمان بھارت کے اہم عناصر ہیں۔ وزیراعظم سوبھاگیہ اسکیم کے تحت اروناچل پردیش کے سو فی صد مکانوں کو بجلی سے مزئین ہونے کا اعلان بھی کریں گے۔
وزیراعظم آسام میں
ایٹا نگر سے وزیراعظم گوہاٹی واپس آجائیں گے ۔ وہ شمال مشرقی گیس گرڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جس سے پورے علاقے میں قدرتی گیس کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے اور علاقے کی صنعتی ترقی کو بڑھاوا ملے گا ۔ یہ گرڈ پورے شمال مشرقی علاقے کو سستی اور معیاری گیس فراہم کرنے کے حکومت کے منصوبے کا ایک حصہ ہے۔ وہ کامروپ کیچر ، ہیلی کانڈی اور کریم گنج اضلاع میں گیس کی تقسیم کے نیٹ ورک کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس نیٹ ورک کے قیام سے مکانوں ، صنعتی اور تجارتی یونٹوں کو صاف ستھرے ایندھن کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
وزیراعظم آسام تن سنکھیا کے مقام پر ہولانگ ، موڈیولر گیس پروسیسنگ پلانٹ کا افتتاح کریں گے۔ ایک مرتبہ چالو ہوجانے کے بعد اس سہولت سے آسام میں کل پیدا شدہ گیس کا 15 فی صد فراہم ہوگا۔ وزیراعظم شمال گوہاٹی میں ایل پی جی کی صلاحیت کو بڑھانے کا افتتاح بھی کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نمالی گڑھ میں این آر ایل بائیو ریفائنری کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور برونئی سے گوہاٹی تک بہار، مغربی بنگال ، سکم اور آسا م کے راستوں سے گذرنے والی 729 کلو میٹر طویل گیس پائپ لائن کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیراعظم تریپورہ میں
اپنے دورہ کے آخری مرحلے میں وزیراعظم اگرتلہ جائیں گے ۔ وہ وہاں سوامی وویکانند اسٹیڈیم میں ایک لو کی نقاب کشائی کرکے گارجی -بلونیا ریلوے لائن کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس لائن سے جنوب اور جنوب مشرقی ایشیا کے لئے تریپورہ ایک دروازہ کا کام دے گا۔ وزیراعظم نرسنگھ گڑھ میں تریپورہ انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے نئے کمپلکس کا افتتاح بھی کریں گے۔ وزیراعظم اگرتلہ میں مہاراجہ بیر بکرم ایئر پورٹ پر مہاراجہ بیر بکرم کشور مانکیہ بہادر کے مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے۔ مہاراجہ بیر بکرم کشور مانکیہ بہادر کو جدید تریپورہ کا بانی سمجھا جاتا ہے۔ اگرتلہ شہر کی منصوبہ بندی انہوں نے ہی کی تھی۔ ان کے مجسمے کی نقاب کشائی ہندستان کے ان جانبازوں کی عزت افزائی کی مرکزی حکومت کی پالیسی کے عین مطابق ہے جو زیادہ مشہور نہیں ہیں لیکن انہوں نے قوم کی تعمیر میں بڑا رول ادا کیا ہے۔