وزیر اعظم 7 جولائی کو چھتیس گڑھ اور اتر پردیش کا دورہ کریں گے ؛ تلنگانہ اور راجستھان کا دورہ 8 جولائی کو
وزیر اعظم رائے پور میں تقریباً 7500 کروڑ روپئے کے پروجیکٹوں کو وقف کریں گے اور سنگِ بنیاد رکھیں گے
بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر وزیر اعظم چھتیس گڑھ میں قومی شاہراہ کے پانچ پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے
وزیر اعظم گورکھپور کی گیتا پریس کے صد سالہ جشن کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے
وزیر اعظم گورکھپور – لکھنؤ اور جودھپور – احمد آباد (سابرمتی) کو جوڑنے والی دو وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے
وزیر اعظم گورکھپور ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھیں گے
وزیر اعظم نے وارانسی میں 12,100 کروڑ روپئے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے
وزیراعظم پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن- سون نگر مال برداری کی خصوصی راہداری ریلوے لائن کا افتتاح کریں گے
وزیر اعظم وارانسی سے لکھنؤ کے سفر کو آسان اور تیز تر بنانے کے لیے قومی شاہراہ نمبر 56 کے وارانسی-جون پور سیکشن کے چار لین کو قوم کے نام وقف کریں گے
وزیر اعظم منی کارنیکا اور ہریش چندر گھاٹوں کی ترقی نو کا سنگِ بنیاد رکھیں گے
وزیر اعظم اتر پردیش میں استفادہ کنندگان کو پی ایم سواندھی کے قرض، پی ایم اے وائی دیہی گھروں کی چابیاں اور آیوشمان کارڈ تقسیم کریں گے
وزیر اعظم وارنگل میں تقریباً 6100 کروڑ روپئے کی مالیت کے کئی سڑک اور ریل کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے پروجیکٹوں سنگ بنیاد رکھیں گے
وزیر اعظم بیکانیر میں 24300 کروڑ روپئے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے
وزیر اعظم امرتسر - جام نگر اقتصادی راہداری کے چھ لین والے گرین فیلڈ ایکسپریس وے کے سیکشن اور گرین انرجی کاریڈور کے لیے بین ریاستی ٹرانسمیشن لائن کے پہلے فیز کو قوم کے نام وقف کریں گے
وزیر اعظم بیکانیر ریلوے اسٹیشن کی ترقی ِنو کے لیے سنگ بنیاد رکھیں گے

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 7 اور 8 جولائی ، 2023  ء کو چار ریاستوں کا دورہ  کریں گے۔ وہ 7 جولائی کو چھتیس گڑھ اور اتر پردیش کا دورہ کریں گے اور 8 جولائی کو وزیر اعظم تلنگانہ اور راجستھان کا دورہ کریں گے۔

7 جولائی کو، صبح تقریباً 10 بجکر 45 منٹ پر ،  وزیر اعظم رائے پور میں ایک عوامی پروگرام میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے لیے سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کے نام وقف کریں گے۔ وزیر اعظم تقریباً 2 بجکر 30 منٹ پر اتر پردیش کے  گورکھپور پہنچیں گے، جہاں وہ  گورکھپور کی گیتا پریس  کی صد سالہ تقریبات کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے ، جس کے بعد  وہ گورکھپور ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ اس کے بعد، تقریباً 5 بجے شام، وزیر اعظم وارانسی پہنچیں گے، جہاں وہ ایک عوامی پروگرام میں شرکت کریں گے، جس میں  وہ  متعدد ترقیاتی  پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے ، افتتاح کریں گے اور قوم کے نام وقف کریں گے۔

8 جولائی کو  صبح تقریباً 10 بجکر 45 منٹ پر وزیر اعظم تلنگانہ کے وارنگل پہنچیں گے اور ایک عوامی پروگرام میں شرکت کریں گے جہاں وہ مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم تقریباً 4 بجکر 15 منٹ پر  بیکانیر پہنچیں گے، جہاں وہ راجستھان میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور قوم  کے نام وقف کریں گے۔

وزیر اعظم رائے پور میں

بنیادی ڈھانچے کے فروغ  پر زور دینے کے لیے وزیر اعظم تقریباً 6400 کروڑ روپئے کے پانچ قومی شاہراہوں کے پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف  کریں گے  اورسنگ بنیاد رکھیں گے ۔ جن پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کیا جائے گا ، ان میں جبل پور-جگدل پور قومی شاہراہ پر رائے پور سے کوڈے بوڈ سیکشن کی 33 کلومیٹر طویل سڑک کو 4  لین والا بنانا شامل ہے۔  سیاحت کو فروغ دینے کے   علاوہ یہ سیکشن  جگدل پور کے قریب خام مال  اور تیار مصنوعات کی مربوط نقل و حمل کے لیے اہم ہے ، جو خام لوہے سے مالا مال علاقے کے لیے کنکٹیویٹی فراہم کرتا ہے ۔ وزیر اعظم  قومی شاہراہ نمبر 130 کے بلاس پور سے امبیکا پور کے سیکشن پر بلاس پور – پتھرا پلی کی  53 کلومیٹر طویل 4 لین والی پٹی کو  قوم کے نام وقف کریں گے ۔ اس سے  اتر پردیش سے چھتیس گڑھ کی کنکٹیویٹی میں بہتری آئےگی اور  آس پاس  کے علاقوں میں کوئلے کی کانوں کو رابطہ فراہم کرکے کوئلے کی نقل و حرکت کو فروغ ملے گا۔

وزیر اعظم 6 لین والے گرین فیلڈ رائے پور - وشاکھاپٹنم کاریڈور کے چھتیس گڑھ سیکشن کے لیے تین قومی شاہراہ پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ ان میں این ایچ 130 سی ڈی  پر 43 کلومیٹر طویل چھ لین جھانکی-سارگی سیکشن ،  این ایچ  130 سی ڈی  پر 57 کلومیٹر طویل چھ لین سارگی-بسنواہی سیکشن؛ اور این ایچ 130 سی ڈی  پر 25 کلومیٹر طویل چھ لین بسنواہی-مرنگ پوری سیکشن  کا فروغ شامل ہے ۔  اس کے علاوہ ، اڑنتی وائلڈ لائف سینچری کے علاقے میں جنگلی جانوروں کے بلا رکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے 27 جانوروں کی گزرگاہوں اور 17 منکی کینوپیز کے ساتھ 2.8 کلومیٹر طویل چھ لین والی سرنگ ایک اہم جزو  ہے۔ یہ پروجیکٹ دھامتاری میں چاول کی ملوں اور کانکیر میں باکسائٹ سے بھرپور علاقوں کو بہتر رابطہ فراہم کریں گے اور کونڈاگاؤں میں دستکاری کی صنعت کو بھی فائدہ پہنچائے گا۔ مجموعی طور پر یہ منصوبے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بڑا اضافہ کریں گے ۔

وزیر اعظم 103 کلومیٹر طویل رائے پور - کھریار روڈ ریل لائن کو دوگنا کرنے کا کام بھی قوم کے نام وقف کریں گے  ، جس  کو 750  کروڑ روپئے کی لاگت  سے مکمل کیا گیا ہے ۔  اس سے چھتیس گڑھ میں صنعتوں کے لیے بندرگاہوں سے کوئلہ، اسٹیل، کھاد اور دیگر اجناس کی نقل و حمل میں آسانی ہوگی۔  وہ کیوتی-انتا  گڑھ کو جوڑنے والی 17 کلومیٹر لمبی نئی ریلوے لائن بھی قوم کو وقف کریں گے۔ 290 کروڑ روپئے کی لاگت سے تیار کی گئی نئی ریلوے لائن دَلی – راجھارا اور روگھاٹ علاقوں میں لوہے کی کانوں سے بھیلائی اسٹیل پلانٹ کے لیے کنیکٹیویٹی فراہم کرے گی اور گھنے جنگلات سے گزرتی ہوئی جنوبی چھتیس گڑھ کے دور دراز کے علاقوں کو مربوط کرے گی ۔

وزیر اعظم کوربا میں 60 ہزار میٹرک ٹن سالانہ کی صلاحیت کے ساتھ انڈین آئل کارپوریشن کا ایک بوٹلنگ پلانٹ بھی قوم کے نام وقف کریں گے، جو 130 کروڑ روپئے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔  اس کے علاوہ ، وزیر اعظم آیوشمان بھارت کے تحت استفادہ کنندگان میں 75 لاکھ کارڈوں کی تقسیم کا آغاز بھی کریں گے۔

وزیر اعظم گورکھپور میں

وزیر اعظم گورکھپور میں گیتا پریس کا دورہ کریں گے اور تاریخی پرنٹنگ پریس کی صد سالہ تقریبات کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وہ پروگرام کے دوران چترمایا شیوا پران گرنتھ کا اجراء کریں گے۔ وزیر اعظم گیتا پریس میں لیلا چترا مندر بھی جائیں گے۔

وزیر اعظم گورکھپور ریلوے اسٹیشن سے دو وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ ان دو ٹرینوں میں  گورکھپور – لکھنؤ وندے بھارت ایکسپریس اور جودھپور – احمد آباد (سابرمتی) وندے بھارت ایکسپریس شامل ہیں ۔

گورکھپور – لکھنؤ وندے بھارت ایکسپریس ایودھیا سے گزرے گی اور ریاست کے اہم شہروں سے رابطے کو بہتر بنائے گی اور سیاحت کو بھی فروغ دے گی۔ جودھ پور – سابرمتی وندے بھارت ایکسپریس مشہور مقامات جیسے جودھ پور، ابو روڈ، احمد آباد سے رابطے کو بہتر بنائے گی اور خطے میں سماجی اقتصادی ترقی کو فروغ دے گی۔

وزیر اعظم گورکھپور ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اسٹیشن کو تقریباً 498  کروڑ روپئے کی لاگت سے دوبارہ تیار کیا جائے گا اور یہ مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرے گا ۔

وزیر اعظم وارانسی میں

وارانسی میں عوامی پروگرام کے دوران وزیر اعظم تقریباً 12100 کروڑ روپئے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح ا کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزیراعظم  مال برداری کی مخصوص راہداری  پر پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن -  سون نگر ریلوے لائن کو قوم کے نام وقف کریں گے ۔  6760 کروڑ روپئے سے زیادہ کی لاگت سے تیار  کی گئی یہ نئی لائن  اشیاء  کی تیز تر  نقل و حمل  میں سہولت فراہم کرے گی۔ وزیر اعظم 990 کروڑ روپئے  سے زیادہ کی لاگت سے  تیار تین ریلوے لائنوں کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے ، جن کی برق کاری  اور دوہرا بنانے کا کام مکمل ہو چکا ہے ۔ ان میں غازی پور شہر- اونریہار ریل لائن، آنریہار- جون پور ریل لائن اور بھٹنی- اونریہار ریل لائن شامل ہیں۔ اس سے اتر پردیش میں ریلوے لائنوں کی 100 فیصد برقی کاری کی تکمیل ہوگی۔

وزیر اعظم این ایچ – 56  کے وارانسی-جون پور سیکشن کو چار لین چوڑا کرنے کا کام قوم کو وقف کریں گے، جو کہ 2750 کروڑ روپئے سے زیادہ کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، جو وارانسی سے لکھنؤ کا سفر آسان اور تیز تر بنائے گا۔

وارانسی میں  ، جن متعدد پروجیکٹوں کا وزیر اعظم افتتاح کریں گے  ، ان میں پی ڈبلیو ڈی کی 18  سڑکوں کی تعمیر اور تزئین و آرائش ؛  بی ایچ یو کیمپس میں بین الاقوامی گرلز ہاسٹل کی عمارت کی تعمیر ؛  کرسارا گاؤں میں سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف پیٹرو کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (سی آئی پی ای ٹی) – ووکیشنل ٹریننگ سینٹر ؛  پولیس اسٹیشن سندھورا  پی اے سی بھلّن پور میں  رہائشی عمارتیں اور سہولیات ،  پنڈرا پولیس اسٹیشن اور ترسادا  رہائشی سرکاری اسکول  ؛ اقتصادی جرائم کی تحقیقی  ادارے کی عمارت؛ موہن کٹرا سے کونیا گھاٹ تک سیوریج لائن اور رمنا گاؤں میں  گندے پانی کے بندوبست سے متعلق جدید نظام ؛ 30 ڈبل سائیڈیڈ  بیک لِٹ ایل ای ڈی یونی پولز؛  رام نگر میں این ڈی ڈی بی دودھ پلانٹ  میں گائے کے گوبر پر مبنی بایو گیس پلانٹ  اور دریائے گنگا میں عقیدت مندوں کے اشنان میں سہولت کے لیے دشیشور میدھ گھاٹ پر منفرد تیرتی ہوئی کپڑے بدلنے کے کمروں والی جیٹی  شامل ہیں ۔

جن منصوبوں کا وزیر اعظم سنگ بنیاد رکھیں گے  ،ان میں چوکھنڈی، کدی پور اور ہردت پور ریلوے اسٹیشنوں کے قریب 3 دو لین ریل اوور برج (آر او بی) کی تعمیر؛ ویاس نگر کی تعمیر – پنڈت  دین دیال اپادھیائے جنکشن ریل فلائی اوور؛ اور پی ڈبلیو ڈی کی 15  سڑکوں کی تعمیر اور تزئین و آرائش  کے پروجیکٹ شامل ہیں ، جو  تقریباً 780 کروڑ روپئے کی مجموعی لاگت سے تیار کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم جل جیون مشن کے تحت 550 کروڑ روپئے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر ہونے والی 192 دیہی پینے کے پانی کی اسکیموں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ یہ 192 گاؤں کے 7 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرے گا۔

وزیر اعظم منی کارنیکا اور ہریش چندر گھاٹوں کی ازسرنو ڈیزائننگ اور دوبارہ ترقی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔  تعمیر نو شدہ گھاٹوں میں عوامی سہولیات، انتظار گاہیں، لکڑی کا ذخیرہ، کچرے کو ٹھکانے لگانے اور ماحول دوست شمشان گھاٹ کا  بندوبست ہوگا۔

دیگر پروجیکٹ جن کی بنیاد رکھی جائے گی ، ان میں وارانسی میں دریائے گنگا پر چھ مذہبی لحاظ سے اشنان کرنے والے  اہم گھاٹوں پر فلوٹنگ روم جیٹی شامل ہیں  ، جو دشیشوامیدھ گھاٹ کی فلوٹنگ چینجنگ روم جیٹی کی طرز پر بنائے جائیں گے  اور کرسارا میں  سی آئی پی ای ٹی کیمپس میں طلباء کے ہاسٹل کی تعمیر شامل ہیں۔

پروگرام کے دوران، وزیر اعظم اتر پردیش میں استفادہ کنندگان میں پی ایم  سواندھی کے قرض، پی ایم اے وائی دیہی گھروں کی چابیاں اور آیوشمان بھارت کارڈ بھی تقسیم کریں گے۔ اس سے 5 لاکھ پی ایم اے وائی استفادہ کنندگان کے گرہ پرویش، اہل استفادہ کنندگان میں 1.25 لاکھ پی ایم  سواندھی قرضوں کی تقسیم اور 2.88 کروڑ آیوشمان کارڈ کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔

وزیر اعظم ورانگل میں

وزیر اعظم نریندر  مودی تلنگانہ میں تقریباً  6100  کروڑ روپئے کی لاگت کے کئی اہم بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔

وزیر اعظم 5550 کروڑ روپئے سے زیادہ کے 176 کلومیٹر طویل قومی شاہراہ کےپروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ان پروجیکٹوں میں ناگپور – وجے واڑہ راہداری کا 108 کلومیٹر طویل منچھیریل – وارنگل سیکشن شامل ہے۔ یہ سیکشن منچھیریل اور وارنگل میں تقریباً 34 کلومیٹر کا فاصلہ کم کرے گا ، جس سےسفر کے وقت میں بچت ہو گی اور این ایچ 44 اور این ایچ 65 پر ٹریفک میں کمی آئے گی ۔ وہ این ایچ 563  پر کریم نگر - وارنگل  کے 68 کلو میٹر طویل سیکشن کو موجودہ دو لین سے چار لین  والا بنانے کے لیے سنگ بنیاد  بھی رکھیں گے۔ اس سے حیدرآباد - وارنگل  صنعتی راہداری ،  ککاتیہ میگا ٹیکسٹائل پارک اور وارنگل  کے ایس ای زیڈ  میں کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم قاضی پیٹ میں ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ 500 کروڑ  روپئے سے زیادہ کی لاگت سے تیار ہونے والا یہ جدید مینوفیکچرنگ یونٹ ویگن کی  مینوفیکچرنگ کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا ۔ یہ  یونٹ جدید ترین ٹیکنالوجی کے معیارات اور ویگنوں کی روبوٹک پینٹنگ، جدید ترین مشینری اور جدید میٹریل اسٹوریج اور ہینڈلنگ کے ساتھ  جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا۔ اس سے مقامی روزگار پیدا کرنے اور قریبی علاقوں میں ذیلی یونٹوں کی ترقی میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم بیکانیر میں

وزیراعظم بیکانیر میں 24300 کروڑ روپئےسے زیادہ  کے ترقیاتی پروجیکٹوں  کو قوم کے نام وقف کریں گے اور  سنگ بنیاد رکھیں گے ، جن کا مقصد خطے کے بنیادی ڈھانچے اور فلاح و بہبود  میں اضافہ کرنا ہے ۔

وزیر اعظم امرتسر - جام نگر اقتصادی راہداری کے چھ لین گرین فیلڈ ایکسپریس وے سیکشن کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ راجستھان میں 500 کلومیٹر سے زیادہ پر محیط یہ سیکشن ، جو ہنومان گڑھ ضلع کے جاکھ دوالی گاؤں   سے جالور ضلع کے کھیتلا واس گاؤں تک جاتا ہے، تقریباً 11125 کروڑ روپئے کی لاگت سے  تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ ایکسپریس وے سفر کے وقت میں نمایاں کمی کرے گا اور بڑے شہروں اور صنعتی راہداریوں کے درمیان رابطے کو بہتر بنائے گا۔ ایکسپریس وے نہ صرف سامان کی بغیر کسی رکاوٹ کے نقل و حمل کی سہولت فراہم کرے گا بلکہ اس کے راستے میں سیاحت اور اقتصادی ترقی کو بھی فروغ دے گا۔

خطے میں بجلی کے سیکٹر کو فروغ دینے کی خاطر ، وزیر اعظم تقریباً 10950 کروڑ روپئے  کی لاگت کے گرین انرجی کاریڈور کے لیے بین ریاستی ٹرانسمیشن لائن کے پہلے فیز کو قوم کے نام وقف کریں گے۔  سبز توانائی کا یہ کاریڈور 6 جی ڈبلیو کی قابل تجدید بجلی کو مربوط کرے گا اور شمالی  علاقے میں مغربی خطے اور ہائیڈرو جنریشن  میں قابل تجدید توانائی کو حرارتی بجلی کے ساتھ  گرڈ میں متوازن کرنے  میں مدد کرے گا  ۔ وزیر اعظم بیکانیر سے بھیواڑی ٹرانسمیشن لائن کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔  پاور گرڈ کے ذریعے 1340 کروڑ روپئے کی لاگت سے تیار ہونے والی بیکانیر سے بھیواڑی تک ٹرانسمیشن لائن  ، راجستھان میں 8.1  جی ڈبلیو  شمسی  بجلی کے اخراج میں مدد  کرے گی۔

وزیر اعظم بیکانیر میں 30 بستروں پر مشتمل ایک نئے ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن ( ای ایس آئی سی ) اسپتال کو قوم  کے نام وقف کریں گے۔  اس اسپتال  کی صلاحیت کو بڑھاکر  100 بستروں  تک کیا جائے گا ۔ یہ اسپتال صحت کی دیکھ بھال کی ایک اہم سہولت کے طور پر کام کرے گا، مقامی لوگوں کی طبی ضروریات کو پورا کرے گا اور قابل رسائی اور معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو یقینی بنائے گا۔

اس کے علاوہ ، وزیر اعظم بیکانیر ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔  تقریباً 450 کروڑ روپئے کی لاگت سے  مکمل کئے جانے والے تعمیر نو کے اس کام میں فرش اور چھت کے ساتھ تمام پلیٹ فارمز کی تزئین و آرائش شامل ہوگی  ، جب کہ ریلوے اسٹیشن کے موجودہ ڈھانچے کی وراثتی حیثیت کے  محفوظ رکھنے کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر اعظم 43 کلومیٹر طویل چورو – رتن گڑھ سیکشن کو دوگنا کرنے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ اس ریل لائن کو دوگنا کرنے سے رابطے میں اضافہ ہوگا، بیکانیر کے علاقے سے ملک کے باقی حصوں تک جپسم، چونا پتھر، اناج  اور کھاد کی مصنوعات کی آسان نقل و حمل میں سہولت ہوگی۔

 

Explore More
وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن

Popular Speeches

وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن
PM Modi hails diaspora in Kuwait, says India has potential to become skill capital of world

Media Coverage

PM Modi hails diaspora in Kuwait, says India has potential to become skill capital of world
NM on the go

Nm on the go

Always be the first to hear from the PM. Get the App Now!
...
سوشل میڈیا کارنر،21دسمبر 2024
December 21, 2024

Inclusive Progress: Bridging Development, Infrastructure, and Opportunity under the leadership of PM Modi