وزیر اعظم جناب نریندر مودی 9 جون کو صبح 10:30 بجے نئی دہلی کے پرگتی میدان میں بائیو ٹیک اسٹارٹ اپ ایکسپو – 2022 کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وہ پروگرام سے خطاب کریں گے۔
بایو ٹیک اسٹارٹ اپ ایکسپو – 2022 ایک دو روزہ پروگرام ہے جو 9 اور 10 جون کو منعقد کیا جائے گا۔ اسے محکمہ بائیو ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی انڈسٹری ریسرچ اسسٹنس کونسل (بی آئی آر اے سی) کے ذریعے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کا انعقاد بی آئی آر اے سی کے قیام کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔ ایکسپو کا تھیم ہے ’بائیو ٹیک اسٹارٹ اپ انوویشنز: آتم نربھر بھارت کی جانب‘۔
یہ ایکسپو کاروباریوں، سرمایہ کاروں، صنعتی لیڈران، سائنسدانوں، محققین، بائیو-انکیوبیٹرز، مینوفیکچررز، ریگولیٹرز، سرکاری عہدیداران وغیرہ کو آپس میں جوڑنے کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ ایکسپو میں تقریباً 300 اسٹال لگائے جائیں گے، جہاں حفظان صحت، جینومکس، بائیو فارما، زراعت، صنعتی بائیو ٹیکنالوجی، کچرے سے دولت، صاف توانائی وغیرہ جیسے شعبوں میں بائیو ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں بتایا جائے گا۔