وزیر اعظم جناب نریندر مودی 12 دسمبر 2021 کو دوپہر 12 بجے، وگیان بھون میں ’’ڈیپازیٹرس فرسٹ: گارنٹیڈ ٹائم باؤنڈ ڈیپازٹ انشیورینس پے منٹ اپ ٹو 5 لاکھ روپئے‘‘(جمع کرنے والوں کو اولیت: پانچ لاکھ روپئے تک کی معینہ مدت کے ڈیپازٹ بیمہ کی ادائیگی کی ضمانت)کے عنوان سے منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کریں گے۔
ڈیپازٹ بیمہ رقم کے دائرے میں بھارت میں مصروف عمل تمام کاروباری بینکوں میں تمام طرح کی جمع رقم جیسے سیونگ، فکسڈ، کرنٹ ، ریکرنگ ڈیپازٹس، وغیرہ کو شامل کیا گیا ہے۔ ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مصروف عمل ریاستی، مرکزی اور پرائمری کوآپریٹیو بینکوں کو بھی اس کے دائرے میں رکھا گیا ہے۔ ڈگر سے ہٹ کر کی گئی اس اصلاح کے تحت بینک میں جمع بیمہ رقم کو ایک لاکھ روپئے سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپئے کر دیا گیا ہے۔
فی ڈیپازیٹر فی بینک 5 لاکھ روپئے کے ڈیپازٹ بیمہ احاطے کی بنیاد پر گذشتہ مالی برس کے آخر تک پوری طرح سے محفوظ کھاتوں کی تعداد مجموعی کھاتوں کی تعداد کا 98.1 فیصد کے بقدر تھی، جبکہ بین الاقوامی اسٹینڈرڈ 80 فیصدہے۔
عبوری ادائیگی کا پہلا حصہ حال ہی میں ڈیپازٹ انشیورینس اینڈ کریڈٹ گارنٹی کارپوریشن کے ذریعہ جاری کیا گیا ہے۔ یہ ادائیگی ان 16 شہری کوآپریٹیو بینکوں کے ڈیپازٹروں کے دعوؤں کی بنیاد پر کی گئی ہے ، جن بینکوں پر بھارتی ریزرو بینک کے ذریعہ حدود مقرر کی گئی ہیں۔ ایک لاکھ سے زائد ڈیپازیٹرس کے متبادل بینک کھاتوں میں ان کے دعوے کی بنیاد پر 1300 کروڑ روپئے سے زائد رقم کی ادائیگی کی گئی ہے۔
مرکزی وزیر خزانہ، خزانہ کے وزیر مملکت اور آربی آئی کے گورنر بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔