نئی دہلی، 10 مارچ 2021: وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج مملکت سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ عالی جناب محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے 2019 میں قائم ہوئی باہمی کلیدی شراکت داری کونسل کے کام کاج کا جائزہ لیا اور بھارت۔ سعودی شراکت داری میں رونما ہونے والی مستحکم نمو کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے دونوںممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید توسیع کے لئے اپنی خواہش کا اظہار کیا، اور بھارتی معیشت کے ذریعہ سعودی عرب کو پیش کیے جانے والے مواقع پر روشنی ڈالی۔
بھارت اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی دوستی اور عوام سے عوام کے درمیان رابطے کے جذبے کے تحت دونوں رہنماؤں نے کووِڈ۔19 وبائی مرض کے خلاف ایک دوسرے کی مدد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے باہمی مفادات سے وابستہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر رونما ہورہی تبدیلیوں کا بھی جائزہ لیا۔
وزیر اعظم نے ولی عہد شہزادے کو جلد از جلد بھارت کا دورہ کرنے کے لئے پیش کی گئی اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔