نئی دہلی، یکم فروری 2022 ۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج سلطنت بحرین کے اپنے ہم منصب اور ولی عہد عزت مآب پرنس سلمان بن حمد الخلیفہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ عزت مآب پرنس سلمان نے ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مبارک باد پیش کی۔
دونوں لیڈروں نے ہندوستان اور بحرین کے درمیان باہمی تعلقات کا جائزہ لیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یہ تعلقات سیاسی، تجارتی اور سرمایہ کاری، توانائی، صحت، سکیورٹی اور عوام سے عوام کے روابط سمیت کثیر رخی شعبوں میں مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہندوستان اور بحرین 2021-22 میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی گولڈن جبلی منارہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کووڈ وبا کے دوران بحرین میں موجود ہندوستانی برادری کی بہترین دیکھ بھال کے لئے بحرین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کے لئے بھی کہ ان کی سماجی اور ثقافتی ضروریات بھی ملحوظ خاطر رکھی گئیں۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے عزت مآب شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں اور ولی عہد و وزیر اعظم عزت مآب پرنس سلمان بن حمد الخلیفہ کو جلد از جلد ہندوستان دورے کی دعوت بھی پیش کی۔