نئی دہلی، 22 جنوری 2021، وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ وارانسی میں کووڈ ویکسی نیشن مہم کے استفادہ کنندگان اور ٹیکہ لگانے والوں سے بات چیت کی۔
وزیراعظم نے وارانسی کے لوگوں ، اس پروگرام سے متعلق تمام ڈاکٹروں، میڈیکل اسٹاف، پیرا میڈیکل اسٹاف،اسپتالوں کے سینیٹیشن ورکرز اور کورونا ویکسین سے متعلق تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ وہ کووڈ کی وجہ سے اس موقع پر لوگوں کے سامنے موجود نہیں ہوپائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ملک میں دنیا کا سب سے بڑا ویکسی نیشن پروگرام چل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے دو مرحلوں میں 30 کروڑ اہل وطن کو ٹیکے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے پاس اپنی خود کی ویکسین تیار کرنے کی قوت ارادی ہے۔آج یہ کوششیں کی گئی ہیں کہ ملک کے ہر کونے میں تیز رفتار سے ویکسین پہنچائی جائے۔ آج بھارت دنیا کی اس سب سے بڑی ضرورت کے معاملے میں پوری طرح خود کفیل ہے اور بھارت کئی ملکوں کی مدد بھی کررہاہے۔
وزیراعظم نے گزشتہ 6 برسوں میں وارانسی اور آس پاس کے علاقوں میں میڈیکل بنیادی ڈھانچے میں آنے والی تبدیلی کا ذکر کیا جس سے کورونا کے دور میں پورے پوروانچل کو مدد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وارانسی ویکسی نیشن کے لئے اسی رفتار سے کام کررہا ہے۔وارانسی میں 20 ہزار سے زیادہ ہیلتھ پروفیشنلز کو ویکسین دی جائے گی۔ اس کے لئے 15 ویکسی نیشن سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے انتظامات کے لئے اترپردیش کے وزیراعلی اور ان کے ساتھیوں کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ آج کی بات چیت کا مقصد انتظامات اور ویکسی نیشن مہم سے متعلق اگر کوئی مسئلہ ہے تو اس کے بارے میں پوچھ گچھ کرنا ہے۔ انہوں نے یہ امید ظاہر کی کہ وارانسی سے ملنے والے فیڈ بیک سے دیگر مقامات کی صورتحال کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی ۔
وزیراعظم نے میٹرن، اے این ایم ورکرز، ڈاکٹروں اور لیب ٹیکنی شیئنوں سے بات چیت کی۔ وزیراعظم نے ان کے تئیں کے ملک کی ممنونیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سنتوں جیسی خود سپردگی کے لئے سائنس دانوں کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ ملک سووچھتا ابھیان کے تحت کئے گئے اقدامات کی وجہ سے عالمی وبا کا سامنا کرنے کے لئے بہتر طریقے سے تیار تھا۔ اس ابھیان میں صفائی ستھرائی کا ایک کلچر پیدا کیا ہے۔ وزیراعظم نے عالمی وبا اور ٹیکہ کاری کے بارے میں مستندترسیل کے لئے کورونا واریئرس کی تعریف کی۔