وزیراعظم جناب نریندرمودی نے آج 7لوک کلیان مارگ پرملک کے سرکردہ سکھ دانشوروں کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کی ۔
وزیراعظم نے وفد کے ساتھ کسانوں کی بہبود ، نوجوانوں کو بااختیاربنانا ، نشہ سے آزاد معاشرہ ، قومی تعلیمی پالیسی ، ہنرمندی ،روزگار، ٹیکنالوجی اورپنجاب کی مکمل ترقی پر کھل کربات چیت کی ۔
وزیراعظم نے وفد کے ساتھ ملاقات پر مسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ دانشور معاشرے میں رائے بناتے ہیں ۔ انھوں نے وفد کے ممبران سے گذارش کی کہ وہ عوام کو جوڑنے ، انھیں تعلیم یافتہ بنانے اور عوام کو بہترمعلومات حاصل ہو، اس سمت میں کام کریں ۔ انھوں نے اتحاد کے جذبہ پر زوردیا ۔جو ہمارے ملک کی عظیم اورخوبصورت تکثیریت میں اہم ستون کے طورپر کام کرتاہے ۔
وزیراعظم نے مادری زبان میں تعلیم دیئے جانے پرزوردیا۔ انھوں نے کہاکہ مادری زبان میں اعلیٰ تعلیم کو حقیقت بنانے کے لئے ہندوستانی زبانوں میں پروفیشنل کورسیز تیارکرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔
وفد نے دعوت نامے کے لئے وزیراعظم کا شکریہ اداکیااورکہاکہ انھیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ ملک کے وزیراعظم ایسے غیررسمی ماحول میں ان کے ساتھ بات چیت کریں گے ۔ انھوں نے سکھ فرقہ کی بہبود کے لئے وزیراعظم کے ذریعہ کئے گئے مختلف اقدامات کی ستائش کی۔