نئی دہلی،27؍ مارچ،آج قوم کے نام اپنے خطاب کے فوراً بعد وزیراعظم نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اُن سائنس دانوں سے بات چیت کی جو مشن شکتی کی کامیاب تکمیل میں شامل رہے۔
مشن شکتی کی کامیاب تکمیل نے ہندوستان کو پوری دنیا میں چوتھا ملک بنادیا ہے، جس کے پاس اینٹی سٹیلائٹ میزائل کے ذریعے مصنوعی سیاروں کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔
سائنس دانوں کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم سائنس دانوں پر اس کام کے لئے فخر محسوس کرتی ہے جو انہوں نے کامیابی کے ساتھ حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’میک ان انڈیا ‘‘ پالیسی کے عین مطابق سائنس دانوں نے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم کسی سے کم نہیں ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان وسودھیوا کٹم بکم یعنی پوری دنیا ایک کنبہ ہے، کے فلسفے کی پیروی کرتا ہے۔ البتہ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جو طاقتیں امن اور خیرسگالی کے لئے کام کرتی ہیں انہیں امن کے حصول کے لئے ہمیشہ ہی طاقت ور رہنا چاہئے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی امن اور علاقائی امن کے لئے ہندوستان کو باصلاحیت اور مضبوط ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس دانوں نے بڑی لگن کے ساتھ اس کوشش میں اپنا رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے پوری کابینہ کی طرف سے سائنس دانوں کو مبارک باد دی۔
سائنس دانوں نے وزیراعظم کا اس بات کے لئے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں اپنی صلاحیت کو ثابت کرنے کا موقع فراہم کیا۔