نئی دہلی، 30 جنوری 2021، وزیراعظم جناب نریندر مودی نے 30 جنوری 2021 کو پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں کل جماعتی میٹنگ سے خطاب کیا۔
وزیراعظم نے مہاتما گاندھی کی یوم وفات انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہمیں ان خواب پورے کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے آج صبح امریکہ میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کی بے حرمتی کی مذمت کی اور کہا کہ نفرت کے ایسے ماحول کے لئے ہماری زمین پر کوئی جگہ نہیں ہے۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت زرعی قوانین کے معاملے میں کھلے ذہن والا رویہ اختیار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا موقف وہی ہے جو 22 جنوری کو تھا اور وزیر زراعت کے ذریعہ پیش کی گئی تجویز اب بھی قابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ بات چیت کو آگے بڑھانے کے لئے وزیر زراعت کو ایک فون کرنے کی ضرورت ہے۔
چھبیس جنوری کے افسوسناک واقعہ کے بارے میں لیڈروں کے بیانات کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ اس معاملے میں قانون اپنا کام کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت میٹنگ میں لیڈروں کے ذریعہ اٹھائے گئے معاملات پر مفصل بات چیت کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ کی پرامن طریقے سے کام کرنے اور ایوان کے فلور پر جامع مباحثوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بار بار رخنہ اندازی سے چھوٹی پارٹیوں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے کیونکہ ایسے میں وہ پوری طرح اپنی بات سامنے نہیں رکھ پاتیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی پارٹیوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ پارلیمنٹ کا کام کاج پرامن طریقے سے چلے، اس میں رخنہ اندازی نہ ہو اور اس طرح پارلیمنٹ میں چھوٹی پارٹیاں بھی اپنے نظریات پیش کرسکیں۔
وزیراعظم نے بھارت کے اس رول پر روشنی ڈالی جو وہ متعدد شعبوں میں دنیا کی بھلائی کے لئے ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے بھارت کے عوام کی ہنر مندی اور حوصلے کا ذکر کیا جو عالمی خوشحالی میں اضافے کے لئے ایک طاقت ہوسکتی ہے۔