وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج یوروپی کمیشن کی صدر ہر ایکسی لینسی اُرسولا وان ڈیر لیئن کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
دونوں لیڈران نے کووڈ-19 کی دوسری لہر پر قابو پانے کے لیے بھارت کے ذریعہ کی جا رہی کوششوں سمیت بھارت اور یوروپی یونین میں کووڈ-19 کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم جناب نریندر مودی نے کووڈ-19 کی دوسری لہر کے خلاف بھارت کی لڑائی میں فوری تعاون فراہم کرنے کے لیے یوروپی یونین اور اس کے ممبر ممالک کی تعریف کی۔
دونوں لیڈران نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ پچھلے سال جولائی میں منعقد ہند-یوروپی یونین چوٹی کانفرنس کے بعد سے باہمی اسٹریٹیجک شراکت داری میں نئے سرے سے تیزی آئی ہے۔ دونوں لیڈران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہند-یوروپی یونین کے لیڈران کی 8 مئی 2021 کو ورچوئل طریقے سے ہونے والی آئندہ میٹنگ ہند-یوروپی یونین کے درمیان پہلے سے ہی چلے آ رہے کثیر جہتی تعلقات کو نئے سرے سے رفتار عطا کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔
ہند-یوروپی یونین کے لیڈران کی آئندہ میٹنگ یوروپی یونین + 27 کی طرز پر ہونے والی پہلی میٹنگ ہوگی اور یہ ہند-یوروپی یونین کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کو اور مضبوط بنانے کی دونوں فریقین کی مشترکہ آرزو کو ظاہر کرتی ہے۔