وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ، پولینڈ کے صدر عالیجناب آندرزیج ڈوڈا سے فون پر گفتگو کی ۔
وزیر اعظم نے یوکرین سے بھارتی شہریوں کو بحفاظت نکالنے میں پولینڈ کی طرف سے فراہم کی گئی مددکے لئے صدر ڈوڈا کا دلی شکریہ ادا کیا اور یوکرین سے بھارتی شہریوں کو پولینڈ کی سرحد عبور کرنے کے لئے درکار ویزا میں چھوٹ دینے کے خصوصی جذبہ خیر سگالی کے لئے بھی ان کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں بھارتی شہریوں کو پولینڈ کے شہریوں کی جانب سے فراہم کی گئی سہولت اور پُر جوش ڈھنگ سے استقبال کرنے کے لئے ان کی خاص طور پر تعریف کی۔
دونوں ملکوں کے درمیان روایتی دوستانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے 2001 میں گجرات میں آئے زلزلے کے پیش نظر پولینڈ کی جانب سے مدد کی پیش کش کا ذکر کیا ۔ انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے دوران پولینڈ کے بہت سےکنبوں اور نوجوانوں کو بچانے میں جام نگر کے مہاراجہ کے ذریعہ ادا کئے گئے مثالی رول کو بھی یاد کیا۔
وزیراعظم نے پولینڈ کے صدر جناب ڈوڈا کو بتایا کہ سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں اور شہری ہوابازی کے وزیر مملکت ریٹائر ڈ جنرل ڈاکٹر وی کے سنگھ کو بھارتی شہریوں کو بحفاظت نکالنے کی کوششوں کی نگرانی کرنے کے لئے ان کے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے پولینڈ میں تعینات کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے مخاصمانہ کارروائیاں بند کرنے اور مذاکرات کرنے کی لگاتار اپیل کو بھی دوہرایا ۔ انہوں نے سبھی ملکوں کے اقتدار اعلیٰ اور علاقائی یکجہتی کا احترام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔