نئی دہلی:21 جنوری،2022۔عظیم مجاہد آزادی نیتا جی سبھاش چندر بوس کے 125 ویں یوم پیدائش کی یاد میں سال بھر کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر حکومت نے انڈیا گیٹ پر نیتا جی سبھاش چندر بوس کا ایک عظیم الشان مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گرینائٹ سے بنا یہ مجسمہ ہماری آزادی کی جدوجہد میں نیتا جی کی بے پناہ شرکت کے لیے ایک مناسب خراجِ تحسین ہوگا اور یہ ملک کے لئے ان کی احسان مندی کی علامت ہوگا۔ جب تک مجسمہ کا کام مکمل نہیں ہو جاتاہے نیتا جی کا ہولوگرام مجسمہ اسی جگہ پرموجود رہے گا۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی 23جنوری 2022 کو شام 6 بجے انڈیا گیٹ پر نیتا جی کے ہولوگرام مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے۔
ہولوگرام مجسمے کو 30,000 لومینس4 کے پروجیکٹر کے ذریعے توانائی ملے گی۔ ایک غیر مرئی، زیادہ فائدے مند، 90فیصد شفاف ہولوگرافک اسکرین اس طریقے سے کھڑی کی گئی ہے کہ یہ دیکھنے والوں کو نظر نہ آئے۔ اس پر نیتا جی کی 3 ڈی تصویر پیش کی جائے گی تاکہ ہولوگرام کا اثر پیدا کیا جا سکے۔ ہولوگرام مجسمے کی جسامت 28 فٹ اونچائی اور چوڑائی 6 فٹ ہے۔
پروگرام کے دوران وزیر اعظم انویسٹیچر تقریب میں سال 2019، 2020، 2021 اور 2022 کے لیے سبھاش چندر بوس آپدا پربندھن پرسکار سے بھی نوازیں گے۔ تقریب کے دوران کُل سات ایوارڈز عطا کیے جائیں گے۔
مرکزی حکومت نے قدرتی آفات کے بندوبست کے شعبے میں بھارت میں افراد اور تنظیموں کی جانب سے پیش کیے گئے انمول تعاون اور بے لوث خدمات کو تسلیم کرنے اور ان کو اعزاز دینے کے لیے سالانہ سبھاش چندر بوس آپدا پربندھن پرسکار کا آغاز کیا ہے۔ ایوارڈ کا اعلان ہر سال 23 جنوری کو کیا جاتا ہے۔ ایوارڈ میں ادارے کی صورت میں 51 لاکھ روپئے نقد انعام اور ایک سرٹیفکیٹ دیاجاتا ہے جبکہ انفرادی سطح پر پانچ لاکھ روپئے اور ایک سرٹیفکیٹ دیاجاتا ہے۔
وزیر اعظم کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ مجاہدین آزادی کو مناسب طریقے سے نوازا جائے۔ ان کوششوں کا ایک خاص فوکس عظیم مجاہد آزادی اور بصیرت کے حامل رہنما نیتا جی سبھاش چندر بوس پر رہا ہے۔ اس سلسلے میں کئی اقدامات کیے گئے ہیں جن میں یہ اعلان بھی شامل ہے کہ ان کی یوم پیدائش کو ہر سال ‘پراکرم دیوس’ کے طور پر منایا جائے گا۔ اس جذبے کے تحت یوم جمہوریہ کی تقریبات ایک دن پہلے 23 جنوری سے شروع ہو جائیں گی۔