سارک ممالک کے رہنماؤں اور نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے کووڈ-19 ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ فنڈ تمام سارک ممالک سے رضاکارانہ تعاون پر مبنی ہو سکتا ہے۔ اس کی شروعات کے طور پر ہندوستان نے اس فنڈ کے لئے ابتدائی 10ملین ڈالر کی پیشکش کی ہے۔
سارک کا کوئی بھی رکن ملک فوری کارروائیوں کی لاگت کی تکمیل کے لئے اس فنڈ کو استعمال کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ٹیسٹنگ کِٹ اور دیگر آلات کے ساتھ ہندوستان کے ڈاکٹروں اور ماہرین کی ایک فوری ردعمل ٹیم بنائی ہے۔
وزیراعظم مودی نےمزید کہا کہ ہم دوسرے سارک ممالک کے لئے آن لائن ٹریننگ کیپسول اور ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کا فوری طور پر انتظام کر سکتے ہیں۔ یہ ٹیم اُس ماڈل پرمبنی ہوگی، جس کے ماڈل کو ہندوستان نے اپنے ایمرجنسی عملے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کیا ہے۔
وزیراعظم مودی نے مربوط امراض نگرانی پورٹل کا بھی ذکر کیا، جسے ہندوستان نے وائرس کے ممکنہ کیریئر کا پتہ لگانے اور جو لوگ اس کے رابطے میں آئے ہیں، ان کا پتہ لگانے کے لئے قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان سارک کے شراکت داروں کے ساتھ ڈیزیز سروائلنس سافٹ ویئر (مرض کی نگرانی کرنے والے سافٹ ویئر) کا تبادلہ کر سکتا ہے اور اس کے استعمال کی ٹریننگ دے سکتا ہے۔