‘‘ بھارت نے حالیہ برسوں میں ایک نئی اسٹرایٹجک طاقت حاصل کی ہے۔ آج ہماری سرحدیں پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہیں’’۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 15 اگست 2023 کو 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر دلی کے لال قلعہ کی تاریخی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے موجودہ عالمی سیکورٹی منظر نامے کے دوران قومی سیکورٹی کو یقینی بنانے کی غرض سے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور زور دے کر کہا کہ مسلح فورسیز کو جدید بنانے اورمستقبل کی سبھی چنوتیوں سے نمٹنے کی غرض سے انہیں نوجوان اور جنگ کے لیے تیار رکھنے کے مقصد سے بہت سی فوجی اصلاحات کی جارہی ہیں۔
وزیر اعظم نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ آج ملک کے عوام خود کو محفوظ محسوس کررہے ہیں، کیونکہ دہشت گردانہ حملوں میں تیزی سے کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک پرامن اور محفوظ ہو، تو ترقی کے نئے اہداف کی حصولیابی کی جاتی ہے۔
وزیر اعظم نےمحکمہ دفاع کے پنشن یافتگان کی ایک دیرینہ مانگ، ایک عہدہ، ایک پنشن اسکیم کا بھی ذکر کیا، جسے حکومت نے اقتدار میں آتے ہی نافذکردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘او آر او پی ہمارے ملک کے فوجیوں کے لیے ایک احترام کا معاملہ تھا۔ ہم نے اقتدار میں آتے ہی اسے نافذ کردیا۔ آج سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو 70 ہزار کروڑ روپے مل چکے ہیں’’۔
وزیر اعظم نے سرحدوں پر تعینات مسلح فورسیز کے اہلکاروں کو ، یوم آزادی کی نیک خواہشات پیش کیں۔ یہ اہلکار اِس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ملک محفوظ رہے اور اس کے مفادات کا تحفظ ہو۔