عزت مآّب صدرجمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووِند اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی ، ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے، 7 ستمبر 2020 کو، صبح 10:30 بجے، قومی تعلیمی پالیسی کے موضوع پر منعقدہ گورنروں کی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے۔
اس کانفرنس کا موضوع ’’اعلیٰ تعلیمی تغیر میں قومی تعلیمی پالیسی۔2020 کا کردار‘‘ ہے اور اس کا اہتمام وزارت تعلیم، حکومت ہند کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔
قومی تعلیمی پالیسی ۔2020 اکیسویں صدی کی پہلی قومی تعلیمی پالیسی ہے، اس سے قبل 34 برس پہلے 1986 میں قومی تعلیمی پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا۔ قومی تعلیمی پالیسی۔2020 کا مقصد اسکول اور اعلیٰ تعلیمی سطح پر بڑی اصلاحات متعارف کرانا ہے۔
نئی قومی تعلیمی پالیسی کا مقصد بھارت کو ایک مساوی اور متحرک علمی سوسائٹی میں تبدیل کرنا ہے۔ اس پالیسی میں بھارت پر مرتکز ایک ایسے تعلیمی نظام کا تخیل شامل ہے جو بھارت کو راست طور پر ایک عالمی سوپر پاور میں تبدیل کرنے کے لئے تعاون دیتا ہے۔
اس جامع تغیراتی کوشش کا مقصد یہ ہے کہ این ای پی ملک کے تعلیمی نظام میں ایک مثالی تبدیلی لے کر آئے اور آتم نربھر بھارت، جس کا خواب عزت مآب وزیر اعظم ہند نے دیکھا ہے، کے لئے بہتر اور فعال تعلیمی ایکو نظام تیار کرے ۔
قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مختلف پہلوؤں پر ملک بھر میں متعدد ویبنار، ورچووَل کانفرنسیں اور اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل وزارت تعلیم اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے ’’قومی تعلیمی پالیسی۔2020 کے تحت اعلیٰ تعلیم میں تغیراتی اصلاحات کے موضوع پر جلسہ‘‘ کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا جس سے وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کیا تھا۔
7 ستمبر کو منعقد ہونے والی گورنروں کی اس کانفرنس میں بھی تمام ریاستوں کے وزرائے تعلیم، ریاستی یونیورسٹیوں کے نائب چانسلر حضرات اور دیگر سینئر افسران شرکت کریں گے۔
عزت مآب صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کا خطاب ڈی ڈی نیوز پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔