جمہوریہ مالدیپ کے وزیر خارجہ جناب عبداللہ شاہد نے آج یہاں وزیراعظم جناب نریندر مودی سے ملاقات کی۔ جناب عبداللہ شاہد چھٹی ہند-مالدیپ جوائنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کی غرض سے ہندستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔
وزیراعظم مودی نے صدر مالدیپ جناب ابراہیم محمد صالح کی قیادت والی حکومت کے پہلا سال مکمل کرنے پر وزیر خارجہ شاہد کو مبارک باد دی۔ انہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران ہندستان اور مالدیپ کے مثبت نتائج پر اطمینان ظاہر کیا۔ انہوں نے چھٹی جے سی ایم کے درمیان ہونے والی بات چیت پر اعتماد ظاہر کیا جس میں دونوں ملک پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور باہمی مفادات کے لئے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی غرض سے دونوں ملک مزید اولوالعزم پروگرام وضع کریں گے۔ وزیراعظم مودی نےمستحکم ، جمہوریہ ، خوشحال اور پرامن مالدیپ کے لئے حکومت مالدیپ کے ساتھ شراکت داری کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہد نے ہند-مالدیپ رشتوں کو بہتر بنانےمیں ان کی دور اندیش اور مستحکم قیادت کے لئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے متعدد ترقیاتی اور تعاون کے اقدامات کے ذریعہ ہندستان کی مدد کے لئے بھی ان کا شکریہ ادا کیا جو فی الحال مالدیپ میں زیر عمل درآمد ہیں۔
انہوں نے ہندستان کے ساتھ رشتوں کو مزید مستحکم کرنے اور اپنی انڈیا فرسٹ پالیسی کے تئیں مالدیپ کی قیادت کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔