نئی دہلی، 27 جون / میں ، گروپ 20 سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لئے جاپان کے شہر اوساکا کا دورہ کر رہا ہوں ۔ میں ، عالمی لیڈروں کے ساتھ اہم چیلنجوں اور مواقع پر تبادلۂ خیال کا منتظر ہوں ، جو آج دنیا کو درپیش ہیں ۔ سربراہ کانفرنس کے ایجنڈے میں کئی معاملات شامل ہیں ، جن پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا ۔ ان میں خواتین کو با اختیار بنانا ، ڈجیٹائزیشن سے متعلق معاملات ، مصنوعی انٹلی جنس اور دہشت گردی ، آب و ہوا میں تبدیلی جیسے اہم عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ہماری مشترکہ کوششوں پر گفتگو ہو گی ۔
سربراہ کانفرنس اصلاح شدہ تکثیریت کے تئیں ہماری مضبوط حمایت کو تقویت دینے اور اُسے دوہرانے کے لئے ایک اہم موقع فراہم کرے گی ، جو آج کی تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ضابطے پر مبنی بین الاقوامی نظام کے تحفظ کے لئے اہم ہے ۔ سربراہ کانفرنس گذشتہ پانچ سال کے عرصے میں ہندوستان کے مضبوط ترقیاتی تجربے کو شیئر کرنے کا بھی ایک پلیٹ فارم ثابت ہو گا ، جس نے حکومت کو ہندوستان کے عوام کی طرف سے دیئے گئے فیصلے کے لئے ایک بنیاد فراہم کی ہے تاکہ ترقی اور استحکام کے راستے کو جاری رکھا جا سکتا ہے ۔
اوساکا سربراہ کانفرنس ، 2022 ء میں ہونے والی گروپ 20 سربراہ کانفرنس کی میزبانی کرنے کی سمت ہندوستان کے لئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا ، جب ہم اپنی آزادی کی 75 ویں سالگرہ پر ایک نئے ہندوستان کی رہنمائی کریں گے ۔
اس موقع پر میں ، باہمی اور عالمی اہمیت کے اہم معاملات پر اپنے بڑے ساتھی ملکوں کے لیڈروں کے ساتھ بات چیت کرنے کا منتظرہوں ۔
میں ، اس موقع پر روس ، ہندوستان اور چین کی اگلی غیر رسمی سربراہ کانفرنس کی میزبانی کا بھی منتظر ہوں اور برازیل ، روس ، ہندوستان ، چین ، جنوبی افریقہ یعنی برکس اور جاپان ، امریکہ اور ہندوستان کے لیڈروں کی اگلی غیر رسمی میٹنگوں میں شرکت کا بھی منتظر ہوں ۔