وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نئی دہلی کے لال قلعہ سے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوآپریٹیوز ملک کی سماجی معیشت کا ایک اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹیوز کو مضبوط بنانے، ان کو جدت سے ہمکنار کرنے اور ملک کے کونے کونے میں جمہوریت کی سب سے بڑی اکائی کو مضبوط کرنے کے لیے ایک علیحدہ وزارت تعاون کی تشکیل کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وزارت تعاون ملک میں کوآپریٹیوز کا جال پھیلا رہی ہے جس سے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ غریب ترین افراد کی بھی آواز سنی جائے، ان کی ضروریات پوری ہوں اور وہ ملک کی ترقی میں اپنا تعاون کر سکیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان نے ”سہکار سے سمردھی“ کا راستہ اختیار کیا ہے۔