نئی دہلی ،06جنوری : سماجی پالیسیوں کے سنگاپورکے سینئروزیراورکوآرڈینیٹنگ وزیرجناب تھرمن شمنوگارتنم نے آج وزیراعظم ، جناب نریندرمودی سے ملاقات کی ۔
وزیراعظم جناب نریندرمودی نے شنموگارتنم کا ہندوستان میں گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیااور نئے سال کے موقع پر انھیں اپنی جانب سے پرجوش مبارکباد دی اور ان کے ذریعہ سنگاپورکے وزیراعظم ، جناب لی سین لونگ کو بھی نئے سال کی نیک خواہشات پیش کی ۔
وزیراعظم جناب نریندرمودی اور سنگاپورکے سینئروزیرجناب شنموگارتنم نے دوطرفہ تعلقات کی تیزرفتاری پراپنے اطمینان کا اظہارکیا۔ دونوں رہنماوں نے بنیادی ڈھانچے ، ہنرمندی ، ہند۔سنگاپورجامع اقتصادی اشتراک وتعاون معاہدہ ( سی ای سی اے ) اور ڈجیٹل معیشت سمیت اقتصادی اشتراک وتعاون کے شعبے میں باہمی مفادات کے متعدد معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ جناب شنموگارتنم نے ہندوستان کی سماجی تبدیلی اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے میں وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت کی کافی تعریف کی ۔
وزیراعظم نریندرمودی نے بنیادی ڈھانچے ، سیاحت ، ڈیجیٹل ادائیگی نظام ، اختراع اور گورننس کے شعبوں میں ہندوستان اور سنگاپورکے درمیان باہمی اشتراک وتعاون کو مزید مستحکم کرنے کی اپنی خواہش کا بھی اظہارکیا۔