سنگاپور کے نائب وزیراعظم اور وزیر مالیات ہینگ سوی کیت نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم سنگاپور نےوزیراعظم جناب نریندر مودی کو وزیراعظم سنگاپور جناب لی سین لونگ اور منسٹر امیریٹس گوہ چوک ٹونک کی نیک خواہشات پیش کی۔ اس موقع پر وزیراعظم جناب مودی نے ان دونوں لیڈروں کے ساتھ سابقہ مفید مطلب ملاقات یاد دلاتے ہوئےنائب وزیراعظم کو اپنی جانب سے ان لیڈروں کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔
اس ملاقات کے دوران وزیراعظم جناب نریندر مودی نے پچھلے ماہ نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے دفتر میں مہاتماگاندھی کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر اہتمام کی جانے والی خصوصی تقریب میں وزیراعظم سنگاپور جناب لی سین لونگ کی شرکت کرنے کی ستائش کی۔
سنگاپور کے نائب وزیراعظم جناب کیت نے اس موقع پر حکومت ہند کے ذریعے کیے جانے والے مثبت تغیراتی اقدامات کا پرستائش انداز میں تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مثبت تغیراتی اقدامات کے نیتجے میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع پیدا کیے، بالخصوص ہندوستان کی بنیادی ڈھانچے کی سہولیات میں سرمایہ کاری کے زبردست امکانات پیداہوئے۔اس موقع پر انہوں نے ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان فن ٹیک سمیت ٹیکنالوجی کے سیکٹر میں بڑھتے باہمی تعاون کی ستائش کی۔
آخر میں وزیراعظم جناب نریندر مودی نے ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان سرمایہ کاری میں نمو اور تجارتی تعلقات میں اضافے پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور میں روپے کارڈ RuPay Card اور بھیم ایپ BHIM app کے استعمال نے مالیاتی سودوں میں زبردست آسانیاں پیدا کردی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے چنئی میں سنگاپور کے طلبا کی شرکت کے ساتھ دوسری مشترکہ ہیکاتھن کی کامیابی پر بھی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ تمام تبدیلیاں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی سماجی، کاروباری اور اختراعی شراکت داری کی علامت ہے۔