نئی دہلی، 4 جولائی 2018، وزیراعظم جناب نریندر مودی کی زیر صدارت، مرکزی کابینہ نے تریپورہ میں واقع اگرتلہ ایئرپورٹ کو مہاراجہ بیر بکرم مانکیہ کشور ایئرپورٹ، اگرتلہ کے نام پر رکھنے کی منظوری دی ہے۔ تریپورہ کی حکومت کے ساتھ ساتھ تریپورہ کے عوام کے ایک طویل عرصے سے زیر التوا مطالبے کو پور اکرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تریپورہ کے عوام اور تریپورہ کی حکومت کا کہنا تھا کہ یہ مہاراجہ بیر بکرم مانکیہ کشور کے لئے بہترین خراج عقیدت ہوگا۔
پس منظر
1923 میں اس سے پہلے تریپورہ کی شاہی ریاست کا تخت و تاج سنبھالنے والے مہاراجہ بیر بکرم مانکیہ کشور ایک روشن خیال اور سخی حکمراں تھے۔ اگرتلہ ایئرپورٹ کی تعمیر 1942 میں کی گئی تھی اور اس کے لئے مہاراجہ بیر بکرم مانکیہ کشور نے زمین عطیہ کی تھی۔ ایک دور اندیش حکمراں کی حیثیت سے مہاراجہ نے بڑے پیمانے پر دنیا بھر کا سفر کیا اور انہوں نے تریپورہ کی ہمہ جہت ترقی کے لئے متعدد اقدامات کئے ۔ یہی وجہ ہے کہ اگرتلہ ایئرپورٹ کا نام ان کے نام پر رکھا جارہا ہے جو کہ مہاراجہ بیر بکرم مانکیہ کشور کے لئے ایک بہترین خراج عقیدت ہوگا۔