نئی دہلی،22؍نومبر، وزیراعظم جناب نریندر مودی کی سربراہی میں مرکزی کابینہ نے سکھ مذہب کے بانی اور عظیم صوفی سنت شری گورونانک دیو جی کی 550ویں سالگرہ منانے کے لئے ایک قرار داد منظور کی ہے۔ یہ سالگرہ اگلے سال پورے ملک اور پوری دنیا میں پوری شان وشوکت کے ساتھ منائی جائے گی، جس میں ریاستی سرکاروں کے ساتھ ساتھ بیرون ملکوں میں بھارت کے سفارت خانے بھی حصہ لیں گے۔گورونانک دیو جی کے پیار ، امن ، مساوات اور بھائی چارے کی تعلیمات آج بھی ابدی اور لافانی ہیں۔
کابینہ میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں کی جھلکیاں حسب ذیل ہیں:
کرتار پور صاحب کوریڈور کی ترقی:
ایک اہم فیصلے میں مرکزی کابینہ نے بین الاقوامی سرحد کے لئے گرداس پور ضلع میں ڈیرہ بابا ناک سے کرتارپور کوریڈور کی تعمیر اور اس کی ترقی کو منظوری دے دی ہے تاکہ ہندوستان کے عقیدت مندوں کو پاکستان میں راوی دریا کے کناروں پر گورودوارہ دربار صاحب کرتا ر پور جانےمیں آسانی ہو، جہاں شری گورونانک دیو جی نے 18 سال گزارے تھے۔ عقیدت مند پورے سال مقدس شرائن (زیارت گاہ )کا دورہ کرسکیں گے۔
کرتارپور کوریڈور حکومت ہند کے فنڈ کے ساتھ ایک مربوط ترقیاتی پروجیکٹ کے طور پر نافذ کیا جائے گا تاکہ تمام جدید سہولیات کے ساتھ بلارکاوٹ اور آسان راستہ فراہم ہوسکے۔ حکومت ہند عقیدت مندوں کے بلا روک ٹوک سفر کے لئے مناسب سہولتیں فراہم کرے گی۔ پاکستان کی حکومت سے اپیل کی جائے گی کہ وہ سکھ فرقے کے جذبات کو تسلیم کرے اور اپنے علاقے میں مناسب سہولتوں کے ساتھ ایک کاریڈور تیار کرے ۔
سلطان پور لودھی کی ترقی:
مرکزی کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ شری گرونانک دیو جی کی زندگی سے جڑے سلطان پور لودھی تاریخی شہر کو توانائی ، صلاحیت سمیت اسمارٹ سٹی، اصولوں اور ایک وراثتی شہر کے طور پر فروغ دیا جائے گا تاکہ قدرت کی پائیداری اور عظمت کے بارے میں شری گورونانک دیو جی کی جانب سے دئے جانے والے زور کو اجاگر کیا جاسکے۔ عقیدت مندوں اور سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے سلطان پور لودھی میں ایک وراثتی کمپلیس ’’پنڈ بابے نانک دا‘‘ قایم کیا جائے گا، جہاں شری گرونانک دیوجی کے دور کی زندگی کو پیش کیا جائے گا۔سلطان پور لودھی ریلوے اسٹیشن کو تمام جدید سہولیات کے ساتھ فروغ دیا جائے گا اور اس کی تجدید کاری کی جائے گی۔
غیر ملکی یونیورسٹیوں میں بین اعتقاد، مطالعات اور چیئرس کے لئے مرکز:
امرتسر میں گرونانک دیو یونیورسٹی میں بین اعتماد کے مطالعات کا سینٹر قائم کیا جائے گا۔ شری گورونانک دیو جی سے متعلق چیئرس برطانیہ اور کینڈا کی ایک ایک یونیورسٹی میں قائم کی جائیں گی۔ نئی دہلی میں شری گورونانک دیوجی کی زندگی اور تعلیمات سے متعلق ایک بین الاقوامی سیمینار منعقد کیا جائے گا۔
ملک اور دنیا بھر میں تقریبات:
ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے بھی درخواست کی جائے گی کہ وہ شری گورونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ پوری شان وشوکت کے ساتھ منائیں۔ غیر ملکوں میں بھارتی سفارت خانے اس موقع پر خصوصی پروگراموں کے اہتمام کی نگرانی کریں گے۔
یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹیں:
اس شاندار موقع پر حکومت ہند کی جانب سے یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹیں بھی جاری کی جائیں گی۔
مذہبی سرگرمیاں اورپبلی کیشنز:
ملک بھر میں مذہبی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ دور درشن شری گورونانک دیوجی اور گربانی پر بہت سے پروگرام ٹیلی کاسٹ کرے گا۔ نیشنل بک ٹرسٹ ہندوستان کی مختلف زبانوں میں گربانی شائع کرے گا، یونیسکو سے درخواست کی جائے گی کہ وہ شری گورونانک دیو جی کی تحریریں دنیا کی زبانوں میں شائع کریں۔
عقیدت مندوں کے لئے خصوصی ٹرین:
ریلوے کی وزارت عقیدت مندوں اور سیاحوں کے لئے شری گورونانک دیو جی سے وابستہ مختلف مقدس مقامات کے راستے سے گزرنے والی ایک ٹرین چلائے گا۔