ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے آرڈیننس لائے جانے پر ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ عدالتی کاروائی پوری ہونے کے بعد سرکار کی حیثیت سے جو بھی ہماری ذمہ داری ہوگی ہم اس کے لئے کوششیں کرنے کے لئے تیار ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی بھی اس بات سے انکار نہیں کر سکتا کہ جو لوگ گذشتہ 70 برسوں کے دوران برسر اقتدار رہے ہیں انہوں نے اس مسئلے کو لٹکائے رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور اب یہ مسئلہ سماعت کے آخری مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ ’’میں قومی امن اور ہم آہنگی کے لئے کانگریس سے منت کرتا ہوں کہ وہ عدالت میں اس معاملے کو ٹالنے سے اپنے وکیلوں کو روکیں اور دشواریاں نہ پیدا کریں اور کانگریس کے وکیلوں سمیت تمام وکیل عدالت میں جائیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ اس معاملے میں جلد ہی عدالتی فیصلہ آ سکے۔‘‘