نمستے.
جمہوریہ ماریشس کے وزیراعظم ، عزت مآب پروند کمار جگناتھ جی ،
عزت مآب ،
بھارت کے سبھی 130 کروڑ لوگوں کی طرف سے ماریشس کے سبھی بھائی بہنوں کو نمسکار،بونجور، اور تھائی پوسم کاوڑی کی مبارکباد
سب سے پہلے میں آنجہانی سرانیرودھ جگناتھ کے بھارت اور ماریشس کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے دیے گئے ان کے تعاون کو یاد کرنا چاہتا ہوں۔ وہ ایک صاحب بصیرت رہنما تھے، جنہیں بھارت میں کافی احترام حاصل تھا۔ ان کے انتقال پر، ہم نے بھارت میں ایک دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا تھا اور ہماری پارلیمنٹ نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ 2020 میں انہیں پدم وبھوشن ایوارڈ سے نوازنا ہمارے لئے باعثِ اعزاز تھا۔ بدقسمتی سے وبا نے ہمیں ان کی زندگی میں ایوارڈ کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی لیکن پچھلے سال نومبر میں ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے لیڈی سروجنی جگناّتھ کی موجودگی سے ہماری عزت افزائی ہوئی۔ ان کے افسوسناک انتقال کے بعد ہمارے ممالک کے درمیان یہ پہلا دو طرفہ پروگرام ہے۔ اور اس طرح ، یہاں تک کہ جب ہم اپنے مشترکہ ترقی کے سفر میں ایک اور سنگ میل کا جشن منا رہے ہیں ، میں ان کے خاندان اور ماریشس کے تمام لوگوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔
معزز شخصیات ،
بھارت اور ماریشس تاریخ، حسب نسب، ثقافت، زبان اور بحر ہند کے مشترکہ پانیوں کی وجہ سے متحد ہیں۔ آج ہماری مضبوط ترقیاتی شراکت داری ہمارے قریبی تعلقات کے ایک اہم ستون کے طور پر ابھری ہے۔ ماریشس ترقیاتی شراکت داری کے لیے بھارت کے نقطہ نظر کی ایک بہترین مثال ہے جو ہمارے شراکت داروں کی ضروریات اور ترجیحات پر مبنی ہے اور ان کی خودمختاری کا احترام کرتی ہے۔
پروند جی، مجھے آپ کے ساتھ میٹرو ایکسپریس پروجیکٹ، نئے ای این ٹی اسپتال اور نئے سپریم کورٹ کی عمارت کے افتتاح کی تقریب یاد ہے۔ مجھے میٹرو کی مقبولیت کے بارے میں جان کر خوشی ہوئی ہے، جس نے 56 لاکھ مسافروں کا نشانہ پار کرلیا ہے ۔ ہم میٹرو کی مزید توسیع میں مدد کے منتظر ہیں، جس کے لئے آج 190 ملین ڈالر کے لائن آف کریڈٹ کے معاہدے کا تبادلہ ہوا ۔ ہمارے لیے یہ بھی باعث اطمینان اور فخر ہے کہ نیو ای این ٹی اسپتال نے کووڈ-19کے خلاف لڑائی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
دراصل، کووڈوبا کے دوران ہمارا تعاون مثالی رہا ہے۔ ہمارے ویکسین میتری پروگرام کے تحت ماریشس ان اولین ممالک میں سے ایک تھا جہاں ہم کووڈ ویکسین بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج ماریشس دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اپنی آبادی کے تین چوتھائی حصہ کومکمل طور پرٹیکے لگا دیئے ہیں۔ ماریشس بحر ہند کے تعلق سےہمارے نقطہ نظر کا لازمی جزو ہے۔ ماریشس میں اپنے 2015 کے دورے کے دوران میں نے خطے میں سبھی کے لیے ساگر – سکیورٹی اور ترقی کے بھارت کے بحری تعاون کے وژن کا خاکہ پیش کیا تھا۔
مجھے خوشی ہے کہ ہمارے دوطرفہ تعاون، بشمول میری ٹائم سکیورٹی نے اس وژن کو عملی جامہ پہنایا ہے۔کووڈکی رکاوٹوں کے باوجود، ہم لیز پر ایک ڈورنیئر طیارہ حوالے کرنے اور ماریشس کے ساحلی محافظوں کے جہاز باراکوڈا کی شارٹ ریفٹ مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔واکاشیوتیل کے اخراج کو روکنے کے لیے سازوسامان اور ماہرین کی تعیناتی ہمارے مشترکہ سمندری ورثے کے تحفظ کے لیے ہمارے تعاون کی ایک اور مثال تھی۔
معزز شخصیات ،
آج کا پروگرام ایک بار پھر اپنے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ پروند جی، سوشل ہاؤسنگ پروجیکٹ کی تکمیل کے موقع پر آپ کے ساتھ شامل ہونے پر مجھے خوشی ہے۔ ماریشس کے عام لوگوں کو سستے مکانات فراہم کرنے کی اس اہم کوشش سے منسلک ہونے پر ہمیں خاص طور سے خوشی ہے۔ ہم آج دو دیگر پروجیکٹس بھی شروع کر رہے ہیں جو ملک کی تعمیر کے لیے اہم ہیں: ایک جدید ترین سول سروس کالج جو ماریشس کی مسلسل ترقی کے لیے سرکاری افسران کو ہنر مند بنانے میں مدد کرے گا؛ اور 8 میگا واٹ سولر پی وی فارم پروجیکٹ، جو آب و ہوا کے چیلنجوں کو کم کرنے میں مدد کرے گا جن کا ماریشس کو ایک جزیرائی ملک کے طور پر سامنا ہے۔
بھارت میں بھی، ہم اپنے مشن کرمیوگی کے تحت سول سروس کی صلاحیت سازی کے لیے اختراعی طریقوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ ہمیں نئے سول سروسز کالج کے ساتھ اپنے تجربات کا اشتراک کرنے میں خوشی ہوگی۔ جیسا کہ ہم 8 میگا واٹ سولر پی وی فارم کا آغاز کیا ہے، مجھے ون سن ون ورلڈ ون گرڈ کی پہل یاد آتی ہے، جو گزشتہ سال گلاسگو میں سی او پی-26 میٹنگ کے موقع پر شروع کی گئی تھی ۔ یہ ایک خیال ہے جسے میں نے اکتوبر 2018 میں انٹرنیشنل سولر الائنس کی پہلی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔ اس پہل سے نہ صرف کاربن کے اثرات اور توانائی کی لاگت میں کمی آئے گی بلکہ مختلف ممالک اور خطوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں بھی کھلیں گی۔ مجھے امید ہے کہ بھارت اور ماریشس مل کر شمسی توانائی میں اس طرح کے تعاون کی ایک روشن مثال قائم کر سکتے ہیں۔
چھوٹے ترقیاتی منصوبوں سےمتعلق معاہدہ جس کا ہم آج تبادلہ کر رہے ہیں، پورے ماریشس میں کمیونٹی کی سطح پر اعلیٰ اثر والے پروجیکٹس فراہم کرے گا۔ آنے والے دنوں میں، ہم کئی اہم پروجیکٹوں پر کام شروع کریں گے جیسے کہ رینل ٹرانسپلانٹ یونٹ، فارنسک سائنس لیبارٹری، نیشنل لائبریری اینڈ آرکائیوز، ماریشس پولیس اکیڈمی اور بہت سے دیگر ۔ میں آج اس بات کا اعادہ کرنا چاہوں گا کہ بھارت ترقی کے سفر میں ہمیشہ ماریشس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
میں ماریشس کے اپنے تمام بھائیو اور بہنو کے لئے مبارک ،صحت مند اور خوشحال 2022 کی تمنا کرتا ہوں۔
Vive l'amitié entre l'Inde et Maurice!
بھارت اور ماریشس کی دوستی امر رہے۔
Vive Maurice!
جے ہند!
بہت بہت شکریہ۔ نمسکار