نئی دہلی، 25 اپریل 2021: ہسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی میں اضافہ کرنے کی وزیر اعظم کی جانب سے دی گئی ہدایات کے تحت، پی ایم کیئرس فنڈ نے ملک میں عوامی صحتی سہولتی مراکز میں 551 کلی طور پر وقف پی ایس اے (پریشر سوئنگ ایڈسارپشن) طبی آکسیجن پیداواری پلانٹوں کے قیام کے لئے سرمایہ کی تخصیص کی اصولی طور پر منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت جاری کی ہے کہ ان پلانٹوں کو جلد سے جلد شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان پلانٹوں سے ضلعی سطح پر آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنانے میں کافی مدد ملے گی۔
کلی طور پر وقف یہ پلانٹس مختلف ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ضلع صدر دفاتر میں شناخت شدہ ہسپتالوں میں قائم کیے جائیں گے۔ خریداری کا عمل صحت و کنبہ بہود کی وزارت کے توسط سے انجام دیا جائے گا۔
پی ایم کیئرس فنڈ نے اس سال کی شروعات میں ملک میں عوامی صحتی سہولتی مراکز میں کلی طور پر وقف اضافی 162 پریشر سوئنگ ایڈسارپشن (پی اے ایس) طبی آکسیجن پلانٹس کی تنصیب کے لئے 201.58 کروڑ روپئے مختص کیے تھے۔
ضلع صدر دفاتر کے سرکاری ہسپتالوں میں پی ایس اے آکسیجن پیداواری پلانٹس قائم کرنے کا اہم مقصد عوامی صحتی نظام کو مزید مستحکم بنانا اور اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ ان میں سے ہر ایک ہسپتال میں کیپٹیو آکسیجن کی ضرورتیں پوری ہو سکیں ۔ اس کے علاوہ، رقیق طبی آکسیجن (ایل ایم او) کیپٹیو آکسیجن پیداواریت کے ’’ٹاپ اپ‘‘ کے طور پر کام کرے گا۔ اس طرح کا نظام اس امر کو یقینی بنا سکے گا کہ ضلع کے سرکاری ہسپتالوں کو آکسیجن کی فراہمی میں اچانک رکاوٹ پیدا نہ ہو سکے اور کورونا مریضوں و دیگر ضرورت مند مریضوں کے لئے بلاروکاوٹ آکسیجن دستیاب ہوسکے۔