نئی دہلی، 02 مئی 2021: وزیر اعظم جناب نریندر مودی برطانیہ کے وزیر اعظم محترم بورس جانسن کے ساتھ 4 مئی 2021 کو ایک ورچووَل سربراہ ملاقات کا اہتمام کریں گے۔
بھارت اور برطانیہ کے درمیان 2004 سے کلیدی شراکت داری قائم ہے۔ اسے دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ طور سے ہونے والے اعلیٰ سطحی باہمی تبادلے اور مختلف شعبوں میں بڑھتے تعاون کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ سربراہ ملاقات ہمارے کثیر جہتی کلیدی تعلقات کو آگے لے جانے اور باہمی مفادات کے علاقائی اور عالمی مسائل پر افزوں تعاون کے لئے ایک اہم موقع ثابت ہوگی۔دونوں قائدین کووِڈ19 کے سلسلےمیں تعاون اور وبائی مرض سے نبرد آزمائی میں عالمی کوششوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیالات کریں گے۔
سربراہ ملاقات کے دوران ایک جامع روڈ میپ 2030 کا آغاز کیا جائے گا جو آئندہ دہائی میں پانچ اہم شعبوں خصوصاً عوام سے عوام کے درمیان تعلق، تجارت اور خوشحالی، دفاع اور سلامتی، کلائمیٹ ایکشن اور حفظانِ صحت جیسے شعبوں میں بھارت۔ برطانیہ تعاون کو مزید آگے لے جانے اور مستحکم بنانے کے لئے راستہ ہموار کرے گا۔