وزیر اعظم مودی نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ان کی سرکار نے کانگریس کے ان اعلیٰ لیڈروں کے خلاف کاروائی کرنے کی کوششیں کی ہیں جو غلط کاموں میں ملوث رہے ہیں۔ کانگریس کے پہلے کنبے پر نشانہ لگاتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جو لوگ چار نسلوں تک ملک پر حکومت کرتے رہے، انہیں آج مالیاتی بے ضابطگیوں کے الزامات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور یہ لوگ ضمانت پر باہر ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’ملک کے سابق وزیر مالیات مسلسل عدالتوں میں آتے جاتے رہتے ہیں۔ یہ کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔ میں اس بات کے حق میں نہیں ہوں کہ کسی کو اپنا سیاسی حریف ہونے کی پاداش میں مسائل اور دشواریوں سے دوچار کیا جائے۔ ہم سیاسی انتقام کے حق میں نہیں ہیں۔ عدالت جو بھی فیصلہ دیتی ہے ہم اسے قبول کریں گے، لیکن اس میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔‘‘